20 نومبر، 2026، 9:23 AM

ایرانی مسلح افواج کی کارروائیوں میں کوئی تعطل نہیں، جنرل بلالی

ایرانی مسلح افواج کی کارروائیوں میں کوئی تعطل نہیں، جنرل بلالی

سپاہ پاسداران کی فضائیہ کے کمانڈر کے مشیر نے کہا ہے کہ عوام کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہ ہوں، قومی اتحاد ہماری کامیابی کا راز ہے اور ہمیں پہلے سے زیادہ طاقتور بننا ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، سپاہ پاسداران کی فضائیہ کے کمانڈر کے مشیر جنرل بلالی نے کہا کہ اگر شہدا نہ ہوتے تو آج ہم اس مقام پر نہ ہوتے۔ شہید دریاقلی نے اپنے دور میں ایک عظیم کارنامہ انجام دیا، جس نے ملک کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1984ء میں جب ہم تربیت کے لیے شام گئے تھے تو شہید طہرانی مقدم ہمیں تاکید کرتے تھے کہ صرف میزائلوں کے طریقہ کار کو سیکھنے پر اکتفا نہ کریں، بلکہ ابتدا ہی سے دفاعی صلاحیت کو مقامی سطح پر ترقی دینے اور خودمختار قوت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

جنرل بلالی نے دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان جنگوں میں ہمارا مقابلہ ایسی طاقتوں سے تھا جنہیں یہ تصور بھی نہیں تھا کہ وہ ہمیں شکست دینے میں ناکام رہیں گی۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں شہید رہبر کی دانشمندانہ قیادت حاصل رہی۔ وہ جنگ کے بعد کے برسوں میں امریکی فوجی تبدیلیوں، حکمت عملیوں اور طریقہ کار پر گہری نظر رکھتے تھے اور ہم نے بھی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے منصوبے اور فوجی مشقیں تیار کیں اور ان پر عمل درآمد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی استقامت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور اپنے ہتھیاروں کو محفوظ رکھا۔ آج صورت حال یہ ہے کہ فوجی کارروائیوں کے لیے اعلی فوجی کمانڈروں کی براہ راست میدان جنگ میں موجودگی ضروری نہیں رہی۔

سپاہ پاسداران کی فضائیہ کے کمانڈر کے مشیر نے عملی فوجی دستوں کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ایسے اہلکار بھی، جنہیں فوجی سروس میں صرف دو سال ہوئے ہیں، ایک ہی کارروائی میں کئی سو میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جنرل بلالی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عزیز عوام کئی مہینوں سے میدان میں موجود ہیں۔ انہیں یقین رکھنا چاہیے کہ مسلح افواج مکمل طور پر تیار اور ہر وقت کارروائی کے لیے مستعد ہیں، لہٰذا کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔

انہوں نے ملک کے غیر فوجی شعبوں کی تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں بھی تمام ادارے پوری طرح سرگرم ہیں۔ اس کی مثال یہ ہے کہ جب بھی پلوں کو نشانہ بنایا گیا تو ان کی مرمت اور دوبارہ تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا گیا۔

انہوں نے قومی اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد اور یکجہتی ہماری کامیابی کا راز ہیں۔ ہمیں پہلے سے زیادہ طاقتور بننا ہوگا اور الحمدللہ ہماری سرگرمیوں اور اقدامات میں کسی قسم کا کوئی تعطل نہیں ہے۔

جنرل بلالی نے آخر میں ملک کے مستقبل کے حوالے سے کہا کہ رہبر انقلاب نے ہمارے سامنے نئے افق کھولے اور نئی منزلیں متعین کیں۔ ان شاء اللہ ہم ان راستوں پر پوری قوت اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھیں گے جو ہمیں کامیابی کی بلند ترین چوٹی تک پہنچائیں گے۔

News ID 1942987

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha